غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی و اغوا کیس: لاہور عدالت کا اہم حکم، 4 ملزمان 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے


لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور کی مقامی عدالت نے غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار چار ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔
کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے کیس کی سماعت کی، جہاں پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔
دورانِ سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان پر غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور زیادتی کے سنگین الزامات ہیں، جن کے باعث ملک کی ساکھ متاثر ہوئی۔ پراسیکیوشن نے مزید تفتیش کے لیے ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔
عدالت نے پولیس کی 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا اور آئندہ پیشی پر تفتیشی افسر کو پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ تھانہ ڈیفنس پولیس نے درج کر رکھا ہے۔ مقدمے میں گرفتار ملزمان میں رضا ڈار، حسن رضا، سکندر خان اور ساجد علی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس مرحلے پر ملزمان کے خلاف الزامات زیرِ تفتیش ہیں اور عدالت کی جانب سے ابھی ان کے جرم کا تعین نہیں کیا گیا۔