چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں 40 کروڑروپے کی خرد برد کا انکشاف

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور میں قائم چوہنگ ٹریننگ کالج میں کرپشن کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں 40 کروڑ روپے خرد برد کا انکشاف ہوا جس پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اسپیشل آڈٹ شروع کروا دیا۔
ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ پولیس راجا فیصل کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی چوہنگ ٹریننگ کالج کا سپیشل آڈٹ کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق کمانڈنٹ چوہنگ کے ادوار میں مالی بے ضابطگیا ں اور فنڈز کی کرپشن سامنے آئیں جبکہ مختلف یونٹس کے ٹریننگ اخراجات سمیت دیگر کروڑوں کے فنڈز پرائیویٹ اکاؤنٹ میں منتقل کئے گئے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سپیشل کمیٹی کے سربراہ کو جلد آڈٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حتمی رپورٹ طلب کرلی۔
ذرائع کے مطابق موجودہ کمانڈنٹ چوہنگ سہیل چوہدری کی درخواست اور آئی جی کو بھیجے گئے لیٹر پر آڈٹ شروع کیا گیا۔
سابق کمانڈنٹ چوہنگ محبوب اسلم نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ چوہنگ ٹریننگ کالج میں کسی قسم کی کوئی کرپشن نہیں ہوئی البتہ تین سال کا آڈٹ نہیں ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چوہنگ ٹریننگ کالج کا صرف انٹرنل آڈٹ کیا جا رہا ہے۔



