عمران خان کی اسپتال منتقلی کا معاملہ، سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 18 اگست 2026 کے سپریم کورٹ کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی ہوئی، جس پر توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ مبینہ طور پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے والے فریقین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں اور انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ذمہ دار افراد کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کیا جائے اور وہاں ان کا طبی معائنہ کرایا جائے۔
درخواست میں عدالتی حکم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے عدالتی افسر یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
توہینِ عدالت کی درخواست پی ٹی آئی رہنماؤں عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ عدالت اس معاملے کی سماعت پہلے ہی 16 ستمبر تک ملتوی کرچکی ہے۔



