پارٹی قیادت نے اب بڑی اسکیمیں لانے کی ہدایت کردی،وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت نے اب بڑی اسکیمیں لانے کی ہدایت کی ہے۔کراچی میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا خرچہ تنخواہوں اور پنشن کا ہے، تنخواہوں اور پنشن میں7 فیصد اضافہ کیا ہے، 2025 اور 23 کا ایڈہاک الاونس بنیادی تنخواہ میں ضم کردیا ہے جب کہ آئندہ مالی سال میں کم سے کم آمدن 43 ہزار روپے ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 26.2 ارب روپے ایس آئی یو ٹی کو گرانٹ دی جائے گی اور 155 ارب روپے کی گرانٹ لوکل گورنمنٹ کو جاتی ہے، اگلے سال 2056 جاری اسکیمیں مکمل کرنے جا رہے ہیں تاہم اس سال بجٹ میں کوئی نئی اسکیم نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ باقی تینوں صوبے بھی پیپلزپارٹی کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہماری قیادت کے کردار کی وجہ سے اگلے دو سالوں میں بہت فائدہ ہوگا، پیپلزپارٹی قیادت نے اب بڑی اسکیمیں لانے کی ہدایت کی ہے، صدر زرداری اور چیئرمین بلاول نے کہا کہ اب چھوٹی چھوٹی اسکیموں سے نکل کر بڑا سوچو، مجھے بہت امید ہے کہ پیپلزپارٹی قیادت کی منصوبہ بندی کی وجہ سے حالات بدل جائیں گے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق کو ایسے اقدامات کرنے پڑے جو پہلے زیر غور نہیں تھے، این ایف سی ایوارڈکے فارمولے کو ریوائز کرنے کا کہا گیا مگر پیپلزپارٹی نےاس فارمولے کومسترد کردیاکیونکہ یہ آئین کی بھی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع اور یکجہتی کی خاطر سب صوبوں نے تعاون کیا اور آرٹیکل 164 کے مطابق صوبوں نے وفاق کو گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا، حکومت سندھ نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے پیسے دیے،گرانٹ دینے کی صوبوں نے یقیناً ایک قیمت ادا کی ہے۔



