پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 1675 ارب روپے تک پہنچ گیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں میں مالی سال 2026 کے دوران 61 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا، جس کے بعد جون 2026 تک گردشی قرضے بڑھ کر 1675 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

وزارت توانائی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق جون 2026 تک پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں میں ماہانہ بنیاد پر 4 فیصد اضافہ ہوا، تاہم سالانہ بنیاد پر اس میں 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اپریل 2026 میں پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 1853 ارب روپے جبکہ جون 2025 میں 1614 ارب روپے تھا۔ مالی سال 2026 میں گردشی قرضہ 61 ارب روپے بڑھا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں اس میں 780 ارب روپے کی کمی ہوئی تھی۔

وزارت توانائی کے مطابق ڈسکوز کی ناقص کارکردگی کے باعث گردشی قرضے میں 326 ارب روپے کا اضافہ ہوا، تاہم گزشتہ سال یہ اثر 397 ارب روپے تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کی 194 ارب روپے کی عدم ادائیگی گردشی قرضے میں اضافے کی بڑی وجوہات میں شامل ہے، جبکہ گزشتہ سال کے الیکٹرک کی عدم ادائیگی صرف 4 ارب روپے تھی۔

پاور سیکٹر میں انڈر ریکوریز بھی نمایاں کم ہوکر 64 ارب روپے رہ گئیں، جبکہ گزشتہ سال انڈر ریکوریز 132 ارب روپے تھیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی پی پیز کو اسٹاک ادائیگیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا اور مالی سال 2026 میں 302 ارب روپے ادا کیے گئے۔

گردشی قرضوں کی فنانسنگ کے لیے 694 ارب روپے کی نئی لائن متعارف کرائی گئی، جبکہ پاور ہولڈنگ لمیٹڈ میں موجود 660 ارب روپے بینک فنانسنگ میں منتقل کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق گردشی قرضہ فنانسنگ سہولت میں سے جون 2026 تک 129 ارب روپے کی ادائیگی کردی گئی، جبکہ پاور ہولڈنگ لمیٹڈ میں موجود رقم کو کم شرح سود پر ری فنانس کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

مزید خبریں

Back to top button