چشمہ۔جہلم لنک کینال اس وقت کوٹری بیراج سے بھی زیادہ پانی لے جا رہا ہے،آبادگاروں کا شکوہ

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب کا متنازعہ چشمہ۔جہلم لنک کینال اس وقت کوٹری بیراج سے بھی زیادہ پانی لے جا رہا ہے۔ اس وقت چشمہ۔جہلم لنک کینال کا بہاؤ 16,470 کیوسک ہے، جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کا بہاؤ صرف 11,345 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح تونسہ۔پنجند لنک کینال کا بہاؤ 11,894 کیوسک ہے، جو بھی کوٹری بیراج کے بہاؤ سے زیادہ ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ کوٹری بیراج سے سندھ کی چار نہروں کے لیے جتنا پانی چھوڑا جا رہا ہے، اتنا پانی پنجاب کا ایک ہی لنک کینال لے جا رہا ہے لاڑ کے آبادگار رہنماؤں میر عارف ٹالپر، عبدالرئوف نظاماڻي، سید خدا بخش شاہ، حاجی میر نور احمد ٹالپر اور دیگر کا کہنا ہے کہ ان اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سندھ کا 28 ہزار کیوسک پانی زبردستی لے جا رہا ہے، لیکن سندھ حکومت کی جانب سے کہیں بھی احتجاج نظر نہیں آتا۔ دوسری جانب سندھ میں پانی کی قلت بدستور برقرار ہے

انہوں نے بتایا کہ آج جمعہ کے روز گڈو بیراج پر 30 فیصد، سکھر بیراج پر 34 فیصد اور کوٹری بیراج پر 57 فیصد پانی کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے باوجود چشمہ۔جہلم لنک کینال کا بہاؤ کم کرنے کے بجائے 12,760 کیوسک سے بڑھا کر 16,470 کیوسک کر دیا گیا ہے، جس کے باعث سندھ میں پانی کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے ایک بار پھر نئے سوالات جنم لے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جانب سے سندھ کو نقصان پہنچانے کی اس ہٹ دھرمی کے خلاف سندھ حکومت کو فوری نوٹس لینا چاہیے، بصورت دیگر سندھ کے آبادگار اور ہاری بھرپور احتجاج کا اعلان کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button