پاکستانی ثالثوں کو جنگ بندی کی نئی ایرانی تجاویز ملنے کا امکان

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی تجاویز مسترد کرنے کے صدر ٹرمپ کے اشارے کے بعد پاکستانی ثالثوں کو جنگ بندی کی نئی ایرانی تجاویز ملنے کا امکان ہے۔
مذاکراتی عمل سے باخبر ذرائع نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی روسی دورے کے بعد آج تہران واپس پہنچیں گے۔ تہران میں عباس عراقچی تازہ صورتحال پر ایرانی حکام سے تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای سے رابطوں میں مشکلات کے باعث تبادلہ خیال کا یہ عمل سست ہوگا۔ مجتبی خامنہ ای تاحال کسی خفیہ مقام پر ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کل اشارہ دیا تھا کہ وہ پچھلے ہفتے ایران کی جانب سے آئی تجاویز قبول نہیں کرتے۔ اُن تجاویز میں پہلے جنگ کا خاتمہ، پھر آبنائے ہُرمُز کی بحالی اور اس کے بعد ایرانی ایٹمی پروگرام پر مذاکرات کرنا شامل تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات اپنی مخصوص رفتار سے جاری ہیں اور آگے بڑھنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ ایران کب ایسی تجاویز پیش کرتا ہے جو امریکا کو قبول ہوں۔
ٹرمپ نے آج سوشل میڈیا بیان میں کہا ہے کہ ایران نے انہیں بتایا ہے کہ "وہ تباہی کے دہانے پر ہے۔ ایران چاہتا ہے کہ امریکا آبنائے ہُرمُز کھول دے۔”
اس سے پہلے سی این این نے کہا تھا کہ امریکا اور ایران جتنے دور نظر آرہے ہيں اتنے ہیں نہيں ، پس منظر میں دونوں ملکوں کے درمیان بھرپور سفارت کاری چل رہی ہے ۔



