کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر مسلح افواج کا خراجِ عقیدت

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کی مسلح افواج نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پہلے عظیم سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانی کو قومی تاریخ کا روشن باب قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے علاقے تل پترا میں کیپٹن محمد سرور نے دشمن کے خلاف جرات و بہادری کی بے مثال مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کے اعزاز سے سرفراز ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے اگلے مورچوں سے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری، اعلیٰ عسکری حکمت عملی اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، جس نے انہیں ہمیشہ کے لیے قومی ہیرو بنا دیا۔

بیان کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید کی عظیم قربانی جرات، استقامت، ایثار اور وطن سے بے لوث محبت کی ایسی لازوال علامت ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم ان کی عظیم میراث کو احترام اور عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button