پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نےپبلک ٹرانسپورٹ کےکرایوں میں خود ساختہ اضافےکا نوٹس لے لیا،عملدرآمد یقینی بنانے کیلئےڈپٹی کمشنر اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپوٹرزکےمابین کرائےنہ بڑھانے پراتفاق کرلیا گیا ہے، کچھ ٹرانسپوٹرز نے کرائےنہ بڑھانے پر آمادگی کا اظہارکردیا، محکمہ ٹرانسپورٹ نےٹرانسپورٹرز سے کرائے نہ بڑھانے کے بیان حلفی لے لیے۔
سیکرٹری آرٹی اے لاہور رانا محسن کا کہنا ہےکہ مختلف نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نےکرایے نہ بڑھانے کا بیان حلفی جمع کروادیا ہے،کرایوں میں خودساختہ اضافہ کرنےوالوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام بس اڈوں پرچھاپہ مارٹیمیں متحرک کردی گئیں،حکومتی فیصلےکی خلاف ورزیوں پرسخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
قبل ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کردیا، پبلک ٹرانسپورٹرز نے 100 روپے سے لے کر 450 روپے تک کرایوں میں اضافہ کر دیا۔
لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ 3630 روپے سے بڑھا کر 3800 روپے کر دیا گیا، لاہور سے پشاور کا کرایہ 4240 روپے سے بڑھا کر 4460 روپے کر دیا گیا، لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1730 سے بڑھا کر 1810 روپے کر دیا گیا۔
لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1580 روپے سے بڑھا کر 1655 کر دیا گیا، لاہور سے ملتان کا کرایہ 2890 روپے سے بڑھا کر 3050 روپے کر دیا گیا، لاہور سے بہاولپور کا کرایہ 3630 روپے سے بڑھا کر 3800 روپے کر دیا گیا، لاہور سے احمد پور کا کرایہ 3710 روپے سے بڑھا کر 3890 روپے کر دیا گیا۔
لاہور سے سوات کا کرایہ 4480 روپے سے بڑھا کر 4700 روپے کر دیا گیا، لاہور سے کراچی کا کرایہ 9720 روپے بڑھا کر 10170 روپے کر دیا گیا۔



