بجٹ سے پہلے بڑا سیاسی رابطہ: شہباز شریف اور آصف زرداری کی اہم ملاقات آج متوقع


اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وفاقی بجٹ 2026-27 سے پہلے سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے، جہاں اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے آج وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایوانِ صدر میں ہونے والے اس اعلیٰ سطح اجلاس میں وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بجٹ سے متعلق معاملات پر تفصیلی مشاورت کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک ہوں گے جبکہ وزارتِ خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس کا حصہ ہوں گے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری، مراد علی شاہ، نوید قمر اور شیری رحمان کی شرکت متوقع ہے۔
ملاقات میں بجٹ تجاویز، اتحادی حکومت کے اندر اختلافات اور دیگر اہم سیاسی و معاشی امور زیر غور آئیں گے، جبکہ کوشش کی جائے گی کہ بجٹ سے پہلے تمام تحفظات دور کیے جا سکیں۔