امریکہ کے ایران پر حملے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں امریکا کی جانب سے ایران پر مبینہ کارروائیوں اور خطے میں امن معاہدے سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایشیائی ٹریڈنگ کے دوران تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 98.12 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 91.79 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور امریکی دفاعی کارروائیوں کی خبروں کے باعث ہے، جو عالمی توانائی سپلائی کا اہم راستہ سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان قطر میں مذاکرات بھی جاری ہیں تاہم مکمل اتفاق رائے تاحال نہیں ہو سکا، جس سے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی کم نہ ہوئی تو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ مثبت پیش رفت سے مارکیٹ میں کمی بھی ممکن ہے۔



