اپر سوات میں کشتیوں کا جامع سروے کرنے کا فیصلہ، غیر محفوظ بوٹس پر پابندی ہوگی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر کشتیوں کے ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد ضلعی انتظامیہ اپر سوات نے مختلف مقامات پر چلنے والی کشتیوں کا جامع سروے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سروے کے دوران تمام کشتیوں کی فٹنس، حفاظتی معیار اور آپریشنل صلاحیت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ جو کشتیاں مقررہ حفاظتی معیار پر پورا نہیں اتریں گی، ان کے آپریشن پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپر سوات کے تمام سیاحتی مقامات پر چلنے والی کشتیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے اور سیاحوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس سلسلے میں مہوڈنڈ جھیل پر بوٹنگ سروسز کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ این او سی کے بغیر کسی بھی کشتی کو چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام بوٹنگ آپریٹرز کا ریکارڈ، ضروری معلومات اور متعلقہ دستاویزات جمع کیے جا رہے ہیں۔ جانچ پڑتال، تصدیق، سرٹیفیکیشن اور این او سی کے اجرا کے لیے تمام ڈیٹا ٹی ایم او (TMO) کو فراہم کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد مہوڈنڈ جھیل پر بوٹنگ سرگرمیوں کو محفوظ، منظم اور قانونی تقاضوں کے مطابق بنانا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں بچا جا سکے۔



