سرگودھاڈسٹرکٹ بلڈ یونٹ میں خون کی جانچ کے لیے جدید تجزیاتی یونٹ کی افتتاحی تقریب

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)ڈسٹرکٹ بلڈ یونٹ سرگودھا میں خون کی جانچ کے لیے جدید تجزیاتی یونٹ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس جدید یونٹ کی تنصیب سے خون کی اسکریننگ اور جانچ کے عمل میں شفافیت، تیزی اور معیاری بہتری آئے گی، جس سے محفوظ خون کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد شہباز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا تھے، جنہوں نے اس منصوبے کو صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جدید یونٹ پروفیسر ڈاکٹر شبنم بشیر، ڈائریکٹر ادارہ برائے خدماتِ انتقالِ خون پنجاب لاہور کی خصوصی ہدایت اور تعاون سے سرگودھا کو فراہم کیا گیا۔
تقریب میں پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر وارث فاوکہ، ڈاکٹر عامر علی اعوان، ضلعی افسر برائے خدماتِ انتقالِ خون سرگودھا خصوصی طور پر شرکت کی، انہوں نے بتایا کہ کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بلڈ یونٹ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور مریضوں کو محفوظ خون کی فراہمی مزید بہتر بنائی جا سکے گی۔اس موقع پر تنویر احمد سلیری،
چیئرمین سیف لائف تھیلیسیمیا سینٹر نے محکمہ صحت پنجاب، بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز اور ضلعی انتظامیہ سرگودھا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید طبی آلات کی فراہمی سے نہ صرف خون کے عطیات کے عمل میں بہتری آئے گی بلکہ تھیلیسیمیا اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو فوری اور محفوظ علاج کی سہولت میسر ہوگ، افتتاحی تقریب میں مختلف سرکاری، سماجی اور فلاحی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور محکمہ صحت کی جانب سے کیے جانے والے اس اقدام کو عوامی فلاح کے لیے ایک مثالی قدم قرار دیا۔



