پنجاب کے 52 شہروں میں ترقیاتی منصوبے تیز، مون سون سے قبل نکاسی آب منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں ترقی، خوشحالی اور شہروں کی خوبصورتی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ مون سون سے قبل نکاسی آب اور سیوریج منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کے تحت صوبے کے 52 شہروں میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے، جن کا مقصد شہریوں کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے موسم سے پہلے واٹر سپلائی، سیوریج اور نکاسی آب کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران کھدائی کے بعد گڑھے کھلے نہ چھوڑے جائیں اور تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے دوران حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بیوٹیفکیشن پلان کے تحت مختلف شہروں میں پارکس، عوامی مارکیٹوں، داخلی راستوں اور دیگر عوامی مقامات کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن جاری ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق منڈی بہاؤالدین، سمبڑیال، چنیوٹ، رحیم یار خان اور اوکاڑہ میں خوبصورت پارکس، جدید مارکیٹیں اور شہر کے داخلی راستے مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ سرگودھا، اٹک، گوجرانوالہ، راولپنڈی، شکرگڑھ اور خوشاب میں بھی بیوٹیفکیشن منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب ڈیولپمنٹ پلان اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔ ان کا وژن پنجاب کے تمام شہروں کو جدید، صاف ستھرا، خوبصورت اور شہری سہولیات کے لحاظ سے ترقی یافتہ بنانا ہے۔



