حکومت کیساتھ کسی بھی فورم پر مذاکرات کے حوالے سے فی الحال کوئی بات نہیں ہو رہی، بیرسٹر گوہر


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ کسی بھی فورم پر مذاکرات کے حوالے سے فی الحال کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہو رہی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی مذاکرات کی دعوت کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے، تاہم اس وقت دونوں فریقین کے درمیان کسی سطح پر رابطہ موجود نہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق مذاکرات ایک سنجیدہ اور باضابطہ عمل ہوتا ہے، جس کے لیے فریقین کو ایک میز پر بیٹھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات پی ٹی آئی کی خواہش ضرور ہیں، لیکن اس وقت عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ موجود ہیں، انہیں سیاسی عمل سے “مائنس” نہیں کیا جا سکتا، اور اس مسئلے کا کوئی نہ کوئی حل نکالنا ہوگا۔
مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالنے کی پالیسی کی مخالفت کی اور کہا کہ سیاست کا مقابلہ کارکردگی پر ہونا چاہیے نہ کہ قید و بند پر۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے ان کے اہلِ خانہ کی ملاقات کی اجازت دی جائے۔