بحرین نے ایران سے ہمدردی کے الزام میں 69 افراد کی شہریت منسوخ کردی

بحرین(جانوڈاٹ پی کے)بحرین نے ایران سے ہمدردی کے الزام میں 69 افراد کی شہریت منسوخ کر دی۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بحرین کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین نے ایران کے جارحانہ اقدامات سے ہمدردی اور غیر ملکی عناصر سے تعاون کے الزام میں 69 افراد کی شہریت منسوخ کر دی ہے۔
وزارت کے مطابق ان 69 افراد میں ملزمان اور ان کے اہلخانہ شامل ہیں اور یہ سب غیر بحرینی نژاد ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ان افراد کی بحرینی شہریت ایران کے جارحانہ اقدامات کی تعریف یا ان سے ہمدردی ظاہر کرنے، یا بیرونی عناصر سے رابطے رکھنے کے باعث منسوخ کی گئی ہے‘۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ اقدام بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کی ہدایات کے تحت اور بحرینی شہریت کے قانون کے آرٹیکل 10/3 کے مطابق کیا گیا، جس کے تحت ’ریاست کے مفادات کو نقصان پہنچانے یا اس سے وفاداری کے تقاضوں کے خلاف عمل کرنے‘ کی صورت میں شہریت منسوخ کی جا سکتی ہے۔
وزارت نے کہا کہ متعلقہ حکام اس بات کا جائزہ جاری رکھے ہوئے ہیں کہ کون بحرینی شہریت کا حقدار ہے۔



