’’اب فیض نہیں ملنا، فیض جاچکا‘‘ عظمیٰ بخاری کا تحریک انصاف پر بڑاوار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 سال سے دھرنے دیے جا رہے ہیں، اب فیض نہیں ملنا، فیض جا چکا ہے۔
لاہور میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک وزیراعلیٰ لاہور آیا تھا، کیا ملا؟ خالی ہاتھ واپس گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات مانگنے سے اس طرح ملاقات نہیں ہوگی، جبکہ 9 مئی جیسے واقعے کو دوبارہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان میں ایک ایسا گروہ موجود ہے جسے ملک میں ہونے والی ہر اچھی خبر سے تکلیف ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ جیسا منصوبہ کیوں شروع نہیں کیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کے دور حکومت کے ’’ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر‘‘ کے وعدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وعدے عملی شکل اختیار نہ کر سکے۔ ان کے مطابق پنجاب کے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام اور سابق حکومت کے ہاؤسنگ منصوبے میں بنیادی فرق یہ ہے کہ پنجاب حکومت شہریوں کو دیے جانے والے قرض پر سود خود ادا کر رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کو اقوام متحدہ کے ادارے UN-Habitat کا Scroll of Honour Award مل چکا ہے۔ یہ اعزاز 5 اکتوبر کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں دیا گیا، جہاں پنجاب حکومت کے ہاؤسنگ پروگرام کو کم آمدن والے خاندانوں کے لیے قابلِ استطاعت رہائش کی فراہمی کے اعتراف میں عالمی سطح پر سراہا گیا۔
ان کے مطابق ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو چھت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ منصوبے کا آغاز 2024 میں ہوا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پانچ سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ایک سے 10 مرلہ تک کا پلاٹ رکھنے والے مستحق افراد کو گھر کی تعمیر کے لیے بلا سود قرض فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی ادائیگی مقررہ مدت میں کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق منصوبے میں میرٹ اور شفافیت کو مدنظر رکھا جا رہا ہے اور سفارش کی ضرورت نہیں۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ عالمی ایوارڈ صرف وزیراعلیٰ مریم نواز کا نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کا اعزاز ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ دنیا میں تیزی سے آگے بڑھنے والے ہاؤسنگ منصوبوں میں شامل ہے۔
بلال یاسین کے مطابق منصوبے کے تحت 2 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کو رقوم فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ ایک لاکھ 22 ہزار خاندان اپنے گھروں میں رہنا شروع کر چکے ہیں اور 278 ارب روپے کی رقم عام آدمی میں تقسیم کی جا چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام رقم سود سے پاک ہے۔
بلال یاسین نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں ایک گھر بھی مکمل نہیں ہوا، جبکہ موجودہ حکومت کو سیاسی نعروں یا دھرنوں کے بجائے عوامی خدمت کے عملی منصوبوں پر عالمی سطح پر اعزاز ملا ہے۔



