ایوان کے ارکان اوراپنے سٹاف کا تحفظ نہ کرسکوں تو مجھے اس کرسی پر بیٹھنے کا حق نہیں، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان میں ہونے والے حالیہ واقعات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایوان کے ارکان اور اپنے سٹاف کے تحفظ کی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

قومی اسمبلی میں ریمارکس دیتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ اگر وہ اپنے عملے اور ارکان اسمبلی کو تحفظ فراہم نہ کر سکیں تو انہیں اس عہدے پر بیٹھنے کا حق نہیں۔

انہوں نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی اقبال آفریدی کی جانب سے مبینہ طور پر سٹاف کے ایک اہلکار پر تشدد کیا گیا، جبکہ ایوان میں ڈی جی کے خلاف نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے گئے۔

اسپیکر کے مطابق ایوان میں بعض اراکین کی جانب سے دیگر ارکان اور عملے کے خلاف سخت الفاظ اور گالم گلوچ کے واقعات پیش آئے، جس پر انہیں مداخلت کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایوان میں موجود تمام افراد—چاہے وہ اراکین ہوں یا عملہ—کو تحفظ فراہم کریں، اور اگر وہ یہ ذمہ داری ادا نہ کر سکیں تو اس منصب پر رہنے کا جواز نہیں رہتا۔

اسپیکر ایاز صادق نے زور دیا کہ قومی اسمبلی ایک آئینی ادارہ ہے اور اس کی حرمت اور نظم و ضبط کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button