پی ٹی آئی کو مذاکرات کی نئی دعوت نہیں دی، اب دعوتیں دیتے دیتے تھک چکا ہوں، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی کوئی نئی دعوت نہیں دی، جبکہ پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سے ہونے والی ملاقات میں صرف قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس اور یومِ آزادی کی تقریبات سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے بتایا کہ عامر ڈوگر سے ملاقات کے دوران یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کے ارکانِ قومی اسمبلی کے نام طلب کیے گئے تھے، جبکہ مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کسی سطح پر مذاکرات کے بارے میں بات کی ہے تو انہیں اس کی کوئی معلومات نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود مذاکرات کی دعوتیں دیتے دیتے تھک چکے ہیں، اس لیے اب مزید دعوت دینے کا سلسلہ ختم کر دیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم بھی کئی مرتبہ پارلیمنٹ کے فلور پر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم جن اپوزیشن اراکین کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، ان کی جانب سے کمیٹی کی بحالی کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی مسائل کا حل مذاکرات اور باہمی گفت و شنید میں ہے، جبکہ میڈیا پر بیانات دینے سے مذاکرات آگے نہیں بڑھتے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب مذاکرات کے لیے کیا تھا، لیکن شاید انہیں اس کی اجازت نہیں ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر تحریک انصاف کے قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے پاس موجود عملہ واپس کر دیا جائے تو اسے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر اپوزیشن لیڈر ان کے چیمبر میں آنا نہیں چاہتے تو کمیٹی روم میں ملاقات ہو سکتی ہے، حتیٰ کہ وہ اپنا چیمبر بھی خالی کرنے کے لیے تیار ہیں، تاہم ان کے بقول اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتی۔



