توانائی بچت مہم، کریانہ سٹورز کے اوقات بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول کنزرویشن اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کردہ استثنیٰ کی درخواستوں اور کفایت شعاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارتِ خارجہ اور اس کے رابطہ دفاتر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور گجرات میں قونصلر اٹیسیٹیشن سروسز عوامی سہولت کے لیے جمعہ کے روز بھی کھلی رہیں گی۔
کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی کہ 13 جون 2026 کو ختم ہونے والے اضافی کفایت شعاری اقدامات کی مدت 30 جون 2026 تک بڑھا دی جائے۔
مزید فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں قائم چھوٹے گروسری اور کریانہ سٹورز کے اوقات کار رات 10 بجے تک بڑھا دیے جائیں گے، جبکہ یہ سہولت ہفتہ اور اتوار سمیت ہفتے کے تمام دنوں کے لیے ہوگی۔
اجلاس میں وزیر پیٹرولیم، وزیر موسمیاتی تبدیلی، وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ، نائب وزیراعظم کے معاون خصوصی سمیت کابینہ ڈویژن، کامرس، پیٹرولیم اور آئی ٹی کے سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



