افریقہ عالمی معیشت کے متحرک ترین خطوں میں شامل ہو رہا ہے، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ”ہیپی افریقہ ڈے“ کے موقع پر افریقی ثقافت، افریقی موسیقی اور افریقی ورثے کی نمائندگی کرنے والی روایات و اقدار کے فروغ کے لئے مشترکہ فورم تشکیل دینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے افریقہ ڈے مشترکہ تاریخ اور مشترکہ امنگوں کی یاددہانی ہے،افریقہ آج اپنی تاریخ کے ایک تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے، افریقہ عالمی معیشت کے سب سے متحرک خطے کے طور پر ابھر رہا ہے، ہیپی افریقہ ڈے پر اس سال کو پانی کے پائیدار استعمال کا سال قرار دینا خوش آئند ہے، پانی ہی زندگی ہے اور پانی کی اہمیت کو ہم سے بہتر شاہد ہی کوئی سمجھ سکتا ہو۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ”ہیپی افریقہ ڈے“ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افریقہ ڈے کے موقع پر اپنی حکومت کی جانب سے نمائندگی میرے لئے باعث اعزاز ہے، یہ دن تنوع، ثقافتی ہم آہنگی اور افریقی براعظم کی عظیم روایات اور اقدار کے اعتراف و جشن کا دن ہے جو افریقی اقوام کے چیلنجز پر قابو پانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

 انہوں نے ’’ہیپی افریقہ ڈے‘‘ کے موقع پر اس سال کو ”پانی کا پائیدار سال“ قرار دینے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت مسلمہ ہے کہ ”پانی ہی زندگی ہے“، پانی کی اہمیت کو ہم سے بہتر شاہد ہی کوئی سمجھ سکتا ہو۔

 وفاقی وزیر نے پاکستان کے لئے افریقہ ڈے کو مشترکہ تاریخ اور مشترکہ امنگوں کی یاددہانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افریقی ممالک کی طرح پاکستان بھی نوآبادیاتی دور کے تجربے سے گزرا ہے، یہ مشترکہ تاریخی تجربہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور یکجہتی کی بنیاد ہے۔ پاکستان کی افریقہ سے موجودہ وابستگی ”انگیج افریقہ“ پالیسی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے، مصر سے جنوبی افریقہ تک اور سینیگال سے ایتھوپیا تک پاکستان باہمی روابط اور تعاون پر یقین رکھتا ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے انگیج افریقہ پالیسی کو افریقی ممالک کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کی عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افریقہ کو نہ صرف سفارتی شراکت داری کے طور پر دیکھتا ہے بلکہ اسے اپنی وسیع تر خارجہ پالیسی رسائی کا ایک مرکزی ستون بھی تصور کرتا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے افریقی براعظم میں اپنے سفارتی نیٹ ورک کو مسلسل وسعت دی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعاون تجارت، تعلیم، استعداد کار میں اضافے، صحت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں تک پھیلا ہوا ہے جس کا مقصد باہمی فائدہ اور مشترکہ ترقی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ افریقہ کی کہانی حوصلے اور بلند عزم کی کہانی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر تمام افریقی اقوام کو افریقہ ڈے کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور افریقہ کی دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button