پی ٹی آئی کےمسلح احتجاج کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)راولپنڈی مال روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکن کی فائرنگ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ آج راولپنڈی مال روڈ پر جو واقعہ پیش آیا، یہ پی ٹی آئی کا طریقہ بن چکا ہے کہ تشدد کی سیاست کرنا، اسلحے سے لیس ہو کے آنا، اور آج جو سیکورٹی اہلکار پر فائرنگ کی گئی، اس کا کوئی جواز نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں کل دیکھ رہا تھا جو یہ لانگ مارچ کی بھی کال دی جا رہی ہے، ان کے تمام تر احتجاج وہ آن ریکارڈ ہیں کہ یہ ہمیشہ اسلحے سے لیس ہو کے آئے۔ انہوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی، انہوں نے کچھ کو شہید بھی کیا، اور آپ نے دیکھا تھا پچھلی دفعہ کہ پولیس والوں کو، رینجرز کو انہوں نے شہید کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تو یہ پرامن احتجاج میں یقین نہیں کرتے، اور آج ان کے مذموم مقاصد اور عزائم پوری قوم نے دیکھ لیے ہیں کہ اس طرح مسلح ہو کے راولپنڈی مال روڈ پہ سیکورٹی اہلکار پر دن دہاڑے، سرِعام فائرنگ کرنا، تو یہ ان کا نظریہ ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ تشدد میں، اس طرح کے واقعات میں، یہ یقین کرتے ہیں، اور پی ٹی آئی نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے، اور ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن آج تک نہیں ہوا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ تو یہ میں سمجھتا ہوں کہ جس طریقے سے آج یہ کیا گیا ہے، بہت ساری چیزیں دنیا کے سامنے آ گئی ہیں، جس میں پی ٹی آئی کا جھنڈا اس سے برآمد ہوا، اور دیگر دستاویزات برآمد ہوئے، تو یہ بات تو روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ کسی بھی احتجاج کے پیچھے ان کا مقصد صرف ایک ہے، ملک میں انارکی پھیلانا، اور ملک کے اندر جو لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال ہے اس کو خراب کرنا، امن و امان کو تباہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان کو اللہ تعالیٰ کوئی عزت دیتا ہے بین الاقوامی سطح پہ، جیسے آپ نے دیکھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ابھی جو دفاعی معاہدہ عمل میں آیا، اور اس میں وزیراعظم شہباز شریف صاحب، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بڑی کاوشیں ہیں، ان کی پوری ٹیم کی بڑی کاوشیں ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے جیسے اوپر جائے گا، ترقی کرے گا، پاکستان کو عزت ملے گی، یہ پی ٹی آئی کو بات ہضم نہیں ہوتی، اور یہ ہر اس موقعے پہ احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی کوئی باہر کا سربراہ، کسی اور ملک کا صدر، وزیراعظم پاکستان آ رہا ہو، اس موقعے پہ احتجاج ہو گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تو یہ جو آج واقعہ ہوا ہے فائرنگ کا، میں سمجھتا ہوں کہ اس نے سب کی آنکھیں کھول دی ہیں، اور یہ بات اب ثابت ہو چکی ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے وہ ایک مذموم مقصد ہے کہ ہم نے اسلحے سے لیس آنا ہے، ہم نے فائرنگ کرنی ہے، ہم نے لاشیں گرانی ہیں، امن و امان کو تباہ کرنا ہے، اور ملک کو نقصان پہنچانا ہے۔ یہ آج پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان انشاءاللہ ترقی کرتا رہے گا، اور قیادت جس طریقے سے پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے، پاکستان اور پاکستانیوں کا مقدر ہے کہ انشاءاللہ تعالیٰ ہر محاذ پر فتح ہو گی، اور ان کو، پاکستان کے دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں

Back to top button