دنیا سوشل میڈیا سے متاثر، نوجوان حقائق پر مبنی تجزیاتی صلاحیت کو فروغ دیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ موجودہ غیر یقینی اور تیزی سے بدلتی دنیا میں نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزیے کو اپنانا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل تھے۔
ملاقات میں علاقائی و عالمی صورتحال، پاکستان کی سکیورٹی اور خطے سمیت دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنرمندی، کاروباری صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی تجزیے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ایسی دنیا میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہونا ہوگا جو بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے اثرات سے بھی متاثر ہے۔
ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ نے پاکستان کے دورے کے دوران اپنے مثبت تجربات کا اظہار کیا۔ طلبہ نے پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے ملک میں موجود وسیع صلاحیتوں اور مواقع کو بھی اجاگر کیا۔



