آصف معراج راجپوت کی کاوشیں رنگ لے آئیں،میرپورخاص میں بجلی کے نظام کی بہتری کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبے جاری

میرپورخاص(شاھدمیمن/جانوڈاٹ پی کے)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر آصف معراج راجپوت کی مسلسل کوششوں، مؤثر رابطوں اور فالو اپ کے نتیجے میں ضلع میرپورخاص میں بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے جن سے شہریوں کو بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری اور لوڈشیڈنگ میں کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اللہ ڈاہری نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کی اصلاحاتی پالیسی کے تحت مختلف علاقوں میں اضافی ٹرانسفارمرز کی تنصیب کی منظوری دی- جس کے بعد متعدد منصوبے مکمل یا تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔100 کے وی اے اضافی ٹرانسفارمرز عمران ٹاؤن، محمود وکیل،رحیم نگر، ال عطا ٹاؤن،شمشاد بیکری، سہیل پکوان (نیم والی گلی)اور توحیدی مسجد عصمت مغل کے علاقے سمیت مختلف مقامات پر نصب کیے جا چکے ہیں یا آخری مراحل میں ہیں۔اسی طرح 200 کے وی اے کے نئے ٹرانسفارمرز ٹوراآباد (قریب خالد ملک ہاؤس) فاضل ربی مسجد، عابد ٹاؤن، کریم آباد، نمبر 2 گراؤنڈ، گلشن کالونی، اختر کالونی،لال چند آباد، غریب آباد،حمید پورہ کالونی،کھری کوارٹر اور دیگر علاقوں میں نصب کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق تمام منصوبوں پر مرحلہ وار اور تیز رفتاری سے کام جاری ہے تاکہ بجلی کے ترسیلی نظام پر بوجھ کم ہو، وولٹیج کے مسائل میں کمی آئے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر آصف معراج راجپوت نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل فالو اپ اور متعلقہ حکام سے رابطوں کے باعث یہ منصوبے عملی شکل اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور مستقبل میں بھی میرپورخاص کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل سے میرپورخاص کے شہریوں کو ایک مستحکم،مؤثر اور بہتر بجلی کا نظام میسر آئے گا۔

مزید خبریں

Back to top button