صدر زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ملاقات، دہشتگردی کے خاتمے کا عزم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کو خصوصی توجہ اور وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔
صدر مملکت نے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کی جانب سے بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوگا، جبکہ صوبے میں امن، استحکام اور ترقی کا سفر ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔



