صدر زرداری کی آذربائیجان کو یومِ آزادی پر مبارکباد، دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئوف، حکومت اور عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے آذربائیجان کے عوام کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آزادی کے حصول کے بعد سے گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ عقیدے، ثقافتی ورثے اور مشترکہ اقدار پر استوار ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات ایک مضبوط شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، جس کی بنیاد باہمی اعتماد، مفاہمت اور قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت پر قائم ہے۔

آصف علی زرداری نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئوف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام آذربائیجان کی سماجی و اقتصادی ترقی، قومی یکجہتی اور خوشحالی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے پاکستان کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، توانائی، دفاعی تعاون اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button