اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم،مریم نوازکاقرعہ اندازی میں کامیاب افرادکو زرعی زمین دینے کااعلان

 لاہور(جانوڈاٹ  پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں ’اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم‘ کی قرعہ اندازی کی تقریب میں شرکت کی اور اسکیم کے تحت کامیاب امیدوار کی قرعہ اندازی خود کی۔اس موقع پر انہوں نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیب کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد بھی دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ اسکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے افراد کو 20 سال کے لیے 4 ایکڑ زرعی زمین دی جا رہی ہے، جبکہ زمین کی کاشت کے لیے 2 لاکھ روپے بھی فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ’اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم‘ پایہ تکمیل کو پہنچ چکی ہے اور مختصر عرصے میں اس بڑے منصوبے کو حقیقت کا روپ دیا گیا ہے۔ پنجاب کے عوام کے لیے ایک اہم منصوبہ مکمل ہوا ہے۔مریم نواز نے کہاکہ اسکیم کے لیے 30 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ حکومت نے کاشت کے لیے زمین 20 سال کے لیے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ زمین پر اگنے والی فصل اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی مکمل طور پر کسان کی ہوگی، محنت بھی کسان کی ہوگی اور کمائی بھی اسی کی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک تکلیف دہ صورتحال ہوتی ہے کہ محنت کوئی کرے اور اس کا فائدہ کسی اور کو ملے، اسی سوچ کو ختم کرنے کے لیے یہ اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسکیم کے تحت 5 ایکڑ قابلِ کاشت زمین بھی فراہم کی گئی ہے اور جہاں جہاں سرکاری قابلِ کاشت زمین موجود ہوگی، اسے غریب اور مستحق افراد کو الاٹ کیا جائے گا۔مریم نواز نے کہاکہ حکومت زمین کی تیاری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے فراہم کررہی ہے تاکہ کسان بہتر انداز میں کاشتکاری شروع کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ ہر شعبے میں خواتین آگے بڑھ رہی ہیں، حکومت کسان کو بااختیار بنانے اور زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جن افراد کو کاشتکاری کا تجربہ نہیں، انہیں مکمل تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button