امیر مقام نے راولاکوٹ دھرنے کے شرکاء کو مذاکرات کی پیشکش کردی

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں دھرنے پر بیٹھے افراد کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ راولاکوٹ کے لوگ کشمیری ہیں، تھے اور رہیں گے، اور ان کی حب الوطنی پر کوئی شک نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے دھرنے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے میں شامل تمام افراد دہشتگرد نہیں ہیں، بلکہ ان میں اکثریت محبِ وطن لوگوں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد خود کو منفی عزائم رکھنے والے عناصر سے الگ کریں اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آئیں تاکہ مسائل کا پرامن حل تلاش کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے حالیہ بیان سے متعلق کہا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے اور اسے حکومت یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں راولاکوٹ اور پونچھ کے عوام نے پاکستان کے لیے نمایاں قربانیاں دی ہیں۔ ان کے بقول، پونچھ کے عوام سرحدوں کے محافظ ہیں اور عزت و احترام کے مستحق ہیں۔



