آزاد کشمیر الیکشن: کوٹلی میں ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی، 2 پریزائیڈنگ افسران معطل اور گرفتار

کوٹلی(جانوڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے دوران حلقہ کوٹلی میں انتخابی ضابطہ کار کی مبینہ خلاف ورزی سامنے آنے پر الیکشن کمیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو پریزائیڈنگ افسران کو معطل اور گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے قبضے سے پولنگ بیگز بھی تحویل میں لے لیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق دونوں پریزائیڈنگ افسران اپنے مقررہ پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے کے بجائے ایک نجی رہائش گاہ میں موجود تھے۔ اطلاع ملتے ہی ریٹرننگ آفیسر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولنگ بیگز اپنی تحویل میں لے لیے۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں افسران کو فوری طور پر معطل کرنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا، جبکہ انتخابی عمل متاثر نہ ہونے دینے کے لیے ان کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کرکے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر روانہ کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس واقعے کے باوجود پولنگ کا عمل شفاف، آزادانہ اور پُرامن انداز میں جاری رہا اور ووٹرز کو کسی قسم کی پریشانی یا رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
ترجمان نے کہا کہ گرفتار پریزائیڈنگ افسران کے خلاف انتخابی قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے، جبکہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت، بے ضابطگی یا قواعد کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، غیر جانبدار اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



