آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں پولنگ کا آغاز، 13 نشستوں پر 288 امیدوار مدمقابل

میرپور(جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر میں الیکشن کا پہلا مرحلہ آج شروع ہو گیا، میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں انتخابی میدان سج گیا اور پولنگ شروع ہو گئی ہے۔
میر پور ڈویژن کے 13 حلقوں میں ووٹنگ کیلئے پولنگ سٹیشنز پر انتخابی سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی، میرپور ضلع کی 4، بھمبر کی 3 اور کوٹلی کی 6 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، 13 حلقوں میں 288 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ آئی پی پی اور آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹر رجسٹرڈ، جن میں سے 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
انتخابی عمل کے پہلے مرحلے کیلئے 2 ہزار 316 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 1241 انتہائی حساس، اور 724 حساس قرار دے گئے ہیں۔
الیکشن کی سکیورٹی کیلئے میرپور ڈویژن میں 18 ہزار 560 اہلکار تعینات ہوں گے، پاک فوج کے 2100 جوان بھی الیکشن کی سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔
انتخابات کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرجسٹس (ریٹائرڈ غلام) مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔



