آزاد کشمیر انتخابات: پہلا مرحلہ شفاف اور پرامن انداز میں مکمل، چیف الیکشن کمشنر

میرپور (جانو ڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے پہلے مرحلے کا انعقاد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں کامیابی سے مکمل ہوا، جبکہ پولنگ کا مجموعی ماحول پرامن رہا۔

میرپور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا اور ووٹرز نے بھی بڑی تعداد میں اپنا جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سماہنی میں پولنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے افراد کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا، جس کے باعث انتخابی عمل متاثر نہیں ہوا۔

جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے میں سیکیورٹی اداروں نے مثالی کردار ادا کیا، جس کی بدولت پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ انتخابی عمل کے آئندہ مراحل بھی اسی شفافیت، نظم و ضبط اور پرامن ماحول میں مکمل ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button