آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کو انتخابات لڑنے کی اجازت مل گئی

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں ایل اے-31 کھاوڑا سے انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، جس کے بعد چوہدری لطیف اکبر انتخابی میدان میں واپس آ گئے۔
سماعت کے دوران چوہدری لطیف اکبر کے وکیل چوہدری شوکت عزیز کے دلائل کو عدالت نے تسلیم کیا، جبکہ مخالف فریق کی نمائندگی سابق ایڈووکیٹ جنرل راجہ گل مجید خان نے کی۔
فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جشن منایا، نعرے بازی کی اور فیصلے کو جمہوری عمل کی کامیابی قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد ایل اے-31 کھاوڑا کا انتخابی معرکہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے اور انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حلقے میں چوہدری لطیف اکبر کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ ثاقب مجید سے متوقع ہے، جبکہ گزشتہ انتخابات میں بھی دونوں امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا تھا۔



