افغانستان میں حق مانگنا بھی جرم ٹھہرا، افغان طالبان رجیم کی دہشتگردی کا نشانہ بننے لگے

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) اقتدار پر قابض طالبان رجیم نے قانون اور انصاف کو پس پشت ڈال کر اپنے ہی شہریوں کی زندگی جہنم بنادی، تاہم افغان میڈیا اورسوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز نے طالبان رجیم کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کو بے نقاب کردیا۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبہ ہرات میں طالبان فورسز نے رجیم کے مظالم کیخلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر سیدھی گولیاں چلا دی، طالبان فورسز کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 22 افراد شدید زخمی ہوئے۔
ہرات میں احتجاج حالیہ دنوں میں طالبان رجیم کی جانب سے خواتین کی گرفتاریوں کیخلاف کیا جارہا تھا، کشیدگی بڑھنے پر قابض طالبان رجیم نے احتجاج کو دبانے کیلئےعلاقے میں اضافی نفری بھیج دی۔
سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالبان اہلکارافغان شہریوں کو تلاشی کے نام پرہراساں کررہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق شریعت کا لبادہ اوڑھے طالبان رجیم اپنے حق کیلئےاٹھنے والی آوازوں کو بندوق کے زور پر دبانے کی ناکام کوشش کررہی ہے، ہرات کی سڑکوں پربہتا معصوم شہریوں کا خون افغان طالبان رجیم کے ظلم وجبر کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔



