بھارت:بندروں سے بچنے کی کوشش میں نئی نویلی دلہن پہاڑی سے گر کر جاں بحق

تامل ناڈو(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بندروں نے نئی نویلی دلہن کی جان لے لی، 24 سالہ لڑکی کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل ناڈو کے مشہور پہاڑی مندر کی زیارت اس وقت سانحے میں بدل گئی جب دلہن پہاڑی کی چوٹی پر واقع مندر کے قریب بندروں سے بچنے کی کوشش میں توازن بگڑنے کے باعث نیچے جا گریں اور دم توڑ گئیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ دلہن جانوروں کو دیکھ کر خوفزدہ ہوگئیں اور اپنا توازن کھو بیٹھیں، مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی۔
متوفیہ کی شناخت انیتا کے نام سے ہوئی جو ضلع تھوتھوکوڈی کی رہائشی تھیں۔ اس کی شادی لگ بھگ ایک ماہ قبل سریش نامی نوجوان سے ہوئی تھی، جو بیرون ملک ملازمت کرتا ہے اور حال ہی میں وطن واپس آئے تھا، جس کے بعد یہ جوڑا کژوگوملائی کے مندر کی زیارت کیلیے گیا تھا۔
مندر میں پوجا کرنے کے بعد یہ جوڑا پتھریلی پہاڑی کی چوٹی پر واقع اُچی پلئیار مندر کی طرف گیا۔ وہ بندروں کو پھل کھلا رہے تھے کہ اسی دوران کئی بندر ان کے گرد جمع ہوگئے۔ بندروں کی اچانک ہلچل سے خوفزدہ ہو کر انیتا نے تیزی سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی، اسی دوران پہاڑی کے کنارے کے قریب ان کا پاؤں پھسل گیا اور وہ نیچے پتھریلی زمین پر جا گریں۔
پولیس حکام کے مطابق لڑکی کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی، یہ واقعہ ان کے شوہر کے سامنے پیش آیا جو اس المیے کے بعد شدید صدمے میں ہیں۔



