لاہور میں انسدادِ سموگ آپریشن، قوانین کی خلاف ورزی پر 65 ملزمان گرفتار، 37 مقدمات درج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہر میں سموگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے 65 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر 37 مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں اور گاڑیوں کے خلاف 15 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر باربی کیو پوائنٹس اور بھٹہ مالکان کے خلاف 8 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے دیگر عناصر کے خلاف بھی 14 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس اور متعلقہ ادارے انسدادِ سموگ مہم کے تحت خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور پولیس انسدادِ سموگ مہم میں متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سرگرمِ عمل ہے اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والی ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف اقدامات جاری رکھے جائیں۔ سی سی پی او نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ وہ انسدادِ سموگ قوانین پر عمل کریں اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔



