وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات ہر ہفتے ایک سرکاری سکول میں خود کلاس پڑھائیں گے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے ہر ہفتے ایک سرکاری سکول میں خود جا کر طلبہ کو پڑھائیں گے۔

ویڈیو پیغام میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ انگلش اور کیمسٹری ان کے پسندیدہ مضامین ہیں، اس لیے تدریس کا آغاز انہی سے کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائمری سکولوں میں انگلش جبکہ ہائی سکولوں میں کیمسٹری پڑھائیں گے، تاہم ضرورت پڑنے پر دیگر مضامین بھی خود پڑھائیں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ ہر ہفتے کسی ایک سکول میں بغیر پیشگی اطلاع پہنچیں گے تاکہ زمینی حقائق، تدریسی ماحول اور تعلیمی معیار کا براہِ راست جائزہ لے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو پہلے سے معلوم نہیں ہوگا کہ وہ کب اور کس سکول کا دورہ کریں گے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ وہ اساتذہ کی بے حد عزت کرتے ہیں اور استاد بن کر خود کلاس لینا اپنے لیے باعثِ فخر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کا مقصد سکولوں کے مسائل، تدریسی معیار اور انتظامی امور کا براہِ راست مشاہدہ کرنا ہے تاکہ اساتذہ اور طلبہ سے رابطے کے ذریعے تعلیمی اصلاحات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

وزیر تعلیم کے مطابق اس اقدام سے تدریسی کمزوریوں کی نشاندہی، تعلیمی معیار میں بہتری اور سرکاری سکولوں کو معیاری تعلیمی اداروں میں تبدیل کرنے کی مہم کو مزید تقویت ملے گی۔

مزید خبریں

Back to top button