پاکستان سنگل ونڈو کی پہلی موبائل ایپ لانچ، درآمد و برآمد کا نظام مزید ڈیجیٹل اور آسان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ادارے پاکستان سنگل ونڈو (PSW) نے سرحد پار تجارت کو مزید مؤثر، تیز اور ڈیجیٹل بنانے کے لیے اپنی پہلی موبائل ایپ متعارف کرا دی ہے۔

پاکستان سنگل ونڈو کے مطابق نئی موبائل ایپ کے ذریعے درآمد کنندگان، برآمد کنندگان اور کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس اپنی تجارتی سرگرمیوں کی نگرانی اور مختلف آن لائن خدمات سے باآسانی استفادہ کر سکیں گے۔

ادارے کے مطابق ایپ میں درآمدی و برآمدی ڈیکلیئریشنز کی مانیٹرنگ، کسٹم کلیئرنس کی ریئل ٹائم اپ ڈیٹس اور ریگولیٹری کمپلائنس سے متعلق متعدد سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

پی ایس ڈبلیو کا کہنا ہے کہ صارفین کو مختلف سرٹیفکیٹس تک آن لائن رسائی، صوبائی سیس اور بینک گارنٹی ریلیز کی درخواست جمع کرانے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

موبائل ایپ میں پیمنٹ سلپ آئی ڈی اور پیمنٹ مینجمنٹ سسٹم کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ صارفین کی فوری رہنمائی اور معاونت کے لیے کسٹمر سپورٹ سسٹم بھی فراہم کیا گیا ہے۔

پاکستان سنگل ونڈو کے مطابق اس اقدام کا مقصد تجارت کے عمل کو تیز، شفاف اور آسان بنانا ہے تاکہ درآمد و برآمد سے وابستہ افراد اور متعلقہ ادارے جدید ڈیجیٹل سہولیات سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھا سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button