میاں محمود الرشید کا وفاقی آئینی عدالت سے رجوع، 9 مئی کیس میں ضمانت کی اپیل دائر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید نے 9 مئی مقدمے میں ضمانت کے لیے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے 28 اپریل کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر دی ہے۔

وفاقی آئینی عدالت میں دائر اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے مقدمے کے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، جبکہ استغاثہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کی حمایت میں کوئی قابلِ اعتماد ثبوت موجود نہیں۔

درخواست کے مطابق کسی بھی گواہ نے میاں محمود الرشید پر اشتعال انگیزی کا الزام نہیں لگایا۔ مزید کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے برآمدگی سے متعلق الزام مسترد کر دیا تھا، تاہم اس کے باوجود سازش کے جرم میں سزا سنائی گئی۔

اپیل میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سازش سے متعلق گواہوں کے بیانات میں واضح تضاد پایا جاتا ہے، جبکہ اسی مقدمے میں شریک ملزم شاہ محمود قریشی کو بری کیا جا چکا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق ایک ہی مقدمے میں ایک ملزم کو بری اور دوسرے کو سزا دینا قانون اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔

اپیل میں پنجاب حکومت اور ایس ایچ او تھانہ شادمان کو فریق بنایا گیا ہے، جبکہ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر درخواست گزار کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button