وزیراعلیٰ مریم نواز کا دیہی خواتین کے لیے مفت مویشی پروگرام شروع، 13 اضلاع میں تقسیم کا آغاز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر دیہی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے مفت مویشیوں کی فراہمی کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 13 اضلاع کی مستحق خواتین میں پالتو جانور تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق پروگرام کے تحت ڈی جی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو، ملتان، رحیم یار خان، تونسہ، بہاولنگر، خانیوال، وہاڑی سمیت دیگر اضلاع کی دیہی خواتین کو مفت مویشی فراہم کیے جائیں گے۔

اس سکیم میں مطلقہ اور بیوہ دیہی خواتین کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ درخواست گزار کی عمر کی حد 55 سال مقرر کی گئی ہے۔ خواتین کی مطلقہ یا بیوہ حیثیت کی تصدیق پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی سے کرانا لازمی ہوگی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران کسی بھی سرکاری سکیم کے تحت مویشی حاصل کرنے والی خواتین اس پروگرام سے دوبارہ فائدہ نہیں اٹھا سکیں گی۔

درخواست گزار خواتین کی سہولت کے لیے قریبی ویٹرنری ہسپتالوں اور شفاخانہ حیوانات میں وزیراعلیٰ سہولت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، جہاں رجسٹریشن اور رہنمائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ دیہی خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کیے بغیر غربت کا مؤثر مقابلہ ممکن نہیں۔ ان کے مطابق لائیو سٹاک کے ذریعے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کر کے خواتین کو مالی طور پر خودمختار بنایا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button