ملک میں گندم بحران سنگین، 50 لاکھ ٹن کمی کا دعویٰ، فوری درآمد کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک میں گندم کی دستیابی سے متعلق خدشات کے درمیان چیئرمین کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں 50 لاکھ ٹن جبکہ سندھ میں 20 لاکھ ٹن گندم کی کمی ہے، اور حکومت سے فوری طور پر گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

عبدالرؤف ابراہیم نے کہا کہ وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں، کیونکہ گندم کی قلت کے باعث آئندہ دنوں میں بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈی ریگولیشن پالیسی گزشتہ دو برسوں سے مؤثر ثابت نہیں ہوئی، جبکہ کسانوں کو مناسب سپورٹ پرائس نہ ملنے سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق 3,500 روپے فی من سپورٹ پرائس کا اعلان بھی عملی طور پر مؤثر ثابت نہیں ہوا۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ حکومت کی جانب سے 87.50 روپے فی کلو کے حساب سے گندم کی مؤثر سرکاری خریداری نہیں کی گئی، جس کے باعث طلب و رسد کا توازن متاثر ہوا ہے۔

چیئرمین کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے خصوصی فورس قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کو کھلی چھوٹ ملنے سے صورتحال مزید سنگین ہوئی ہے، جبکہ گندم کے بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر حکومتی اقدامات ناگزیر ہیں۔

نوٹ: گندم کی قلت اور ذخائر سے متعلق یہ اعداد و شمار اور دعوے کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے بیان پر مبنی ہیں، جن پر حکومتی مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button