پاکستان اور ترکیہ کا منشیات کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) نے منشیات کے خاتمے کے لیے پاکستان اور بین الاقوامی شراکت داروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سیکریٹری جنرل انٹرنیشنل فیڈریشن آف گرین کریسنٹ کی سربراہی میں ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں وفد کو اے این ایف کے تنظیمی ڈھانچے، نمایاں کامیابیوں، انسدادِ منشیات، بحالی اور آگاہی سے متعلق جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد کو اینٹی نارکوٹکس فورس کے زیر انتظام قائم ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جہاں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے مختلف پروگرام جاری ہیں۔

دورے کے دوران دونوں فریقوں نے منشیات کی روک تھام، بحالی اور آگاہی کے مشترکہ اہداف کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور منشیات سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں موجود ترکیہ کے ڈرگ لائژن آفیسر آفس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

ترک وفد نے منشیات کے ناسور کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس کی نمایاں کامیابیوں، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ادارے کے وژن کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button