وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اپنے امریکی ہم منصب سکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا معاشی تعلقات، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی وزیر خزانہ کو پاکستان کی معیشت میں میکرو اکنامک استحکام، پائیدار اقتصادی ترقی اور برآمدات پر مبنی معاشی نمو کے حکومتی وژن سے آگاہ کیا۔
انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کے پاکستان کی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو بھی اجاگر کیا اور اس تناظر میں اقتصادی استحکام کی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے لیے مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے امریکی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے، امریکی سرمایہ کاری میں اضافے اور مشترکہ تذویراتی منصوبوں پر پیش رفت کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔