پولیو بوسٹر مہم کی کامیابی کے لیے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کریں، سرمد علی بھاگت

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیرِ صدارت دربار ہال مکلی میں جون 2026 کے ای پی آئی (EPI) جائزہ اجلاس، پیدائشی ڈوز اور اگست 2026 کی پولیو بوسٹر مہم کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، سماجی بہبود، اطلاعات، پاپولیشن ویلفیئر، پی پی ایچ آئی، نجی اسپتالوں، ویکسینیشن پروگرام اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
متعلقہ افسران نے ضلع میں ای پی آئی پروگرام کی کارکردگی، رفیوزل کیسز، درپیش چیلنجز، پیدائشی ڈوز کی صورتحال اور آئندہ پولیو بوسٹر مہم کے اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے ہدایت کی کہ اگست میں شروع ہونے والی پولیو بوسٹر مہم سے قبل تمام انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ ورکرز اور ویکسینیٹرز کو مکمل تربیت فراہم کی جائے، مائیکرو پلان کے مطابق ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور دور دراز و دشوار گزار علاقوں کو بھی خصوصی طور پر کور کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نجی شعبے کو بھی ای پی آئی پروگرام میں مؤثر انداز میں شامل کیا جائے، تمام نجی اسپتالوں، میٹرنٹی ہومز اور کلینکس میں پیدا ہونے والے بچوں کو پیدائش کے فوری بعد حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں، جبکہ پیدائش اور ویکسینیشن کا مکمل ریکارڈ باقاعدگی سے حاصل کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے رفیوزل کیسز پر خصوصی توجہ دینے، والدین میں شعور بیدار کرنے اور حفاظتی ٹیکوں سے متعلق غلط فہمیوں کے ازالے کی بھی ہدایت کی۔
سرمد علی بھاگت نے کہا کہ تمام ریکارڈ مقررہ طریقہ کار کے مطابق محفوظ رکھا جائے، مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور فیلڈ سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ قومی کاز میں غفلت یا فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈیوٹی میں لاپرواہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی جگہ متبادل عملہ تعینات کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ای پی آئی پروگرام سے متعلق آگاہی سیشنز، سیمینارز اور کمیونٹی مہمات منعقد کی جائیں، جبکہ سندھی زبان میں اسٹیکرز اور پمفلٹس تیار کرکے تقسیم کیے جائیں تاکہ ہر والدین تک حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھتے ہوئے مربوط حکمت عملی کے تحت ضلع کے ہر بچے تک حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولت پہنچانے کو یقینی بنائے گی۔



