افغانستان کے صوبہ نورستان میں تباہ کن سیلاب، 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتا

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے شمال مشرقی صوبے نورستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ مختلف حادثات میں کم از کم 20 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی جبکہ 100 سے زیادہ افراد لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔

افغان حکام کے مطابق سیلابی ریلوں نے صوبائی دارالحکومت پارون اور اس کے گردونواح کو بری طرح متاثر کیا، جہاں پانی کے تیز بہاؤ نے مکانات، دکانیں اور دیگر املاک کو بہا دیا۔

افغانستان کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ پارون میں دریا کے کنارے قائم بازار مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ جہاں پہلے دکانیں، ہوٹل اور کاروباری مراکز موجود تھے، وہاں اب صرف کیچڑ، ملبہ اور بڑے بڑے پتھر دکھائی دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق سیلاب کے باعث متعدد ہوٹل، درجنوں دکانیں، سڑکیں، پل اور دیگر بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ہے، جس سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔

افغان ڈیزاسٹر ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں اور طوفانوں کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور سیلابی علاقوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

واضح رہے کہ نورستان پاکستان سے متصل ایک پہاڑی صوبہ ہے، جہاں مون سون کے موسم میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات معمول کا حصہ ہیں۔ حکام کے مطابق حالیہ سیلاب حالیہ برسوں کے بدترین قدرتی سانحات میں شمار کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button