چینی کمپنی کی پاکستان کے انفراسٹرکچر شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر سہولت کاری کے باعث پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے لگے ہیں، جبکہ ایک بڑی چینی کمپنی نے ملک کے انفراسٹرکچر شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے شینڈونگ ہائی سپیڈ گروپ کے چیئرمین شو ژیانگ کی قیادت میں آنے والے چینی وفد سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور کنیکٹیویٹی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران شینڈونگ ہائی سپیڈ گروپ نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور کنیکٹیویٹی سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ وفد نے او جی ڈی سی ایل کے اشتراک سے حیدرآباد میں جاری تیل و گیس منصوبے سمیت پاکستان میں اپنی موجودہ سرمایہ کاری سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے پاکستان میں بہتر ہوتے کاروباری ماحول، نوجوان افرادی قوت اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں موجود وسیع سرمایہ کاری مواقع پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے چینی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ایس آئی ایف سی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن ادارہ جاتی معاونت اور سہولت فراہم کریں گے تاکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی مؤثر سہولت کاری پاکستان میں انفراسٹرکچر سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور پاکستان-چین اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔



