پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 78 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری کے باعث مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس دوبارہ 1 لاکھ 78 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں 2,300 سے زائد پوائنٹس کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 78 ہزار 328 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 75 ہزار 927 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج مارکیٹ نے مضبوط بحالی کا مظاہرہ کیا۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈالر 2 پیسے سستا ہو کر 277.95 روپے سے کم ہو کر 277.93 روپے پر ٹریڈ کرتا رہا۔
معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان سرمایہ کاروں کے بہتر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ زرمبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کی معمولی کمی روپے کے استحکام کے لیے بھی حوصلہ افزا اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔