ایران امریکا کے ساتھ مکمل جنگ کی حالت میں ہے، صدر مسعود پزشکیان

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ مکمل جنگ کی حالت میں ہے اور موجودہ صورتحال میں ملک کو حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزاحمت کے فطری نتائج قبول کرنا ہوں گے۔
صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں ایرانی مفادات کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ اس کی 14 شقوں میں ایسی کوئی شق شامل نہیں جس سے یکطرفہ طور پر صرف امریکا کو فائدہ پہنچتا ہو۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران امریکی حکمت عملی اور چالوں کو بخوبی سمجھتا ہے۔ ان کے بقول امریکا ایک طرف خطے میں نیا فوجی سازوسامان تعینات کر رہا ہے اور دوسری جانب جنگ کے خاتمے کی بات کرتا ہے، جو اس کے دوہرے مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔
باقر قالیباف نے مزید کہا کہ امریکا نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ ایران کی سوچ اور فیصلہ سازی محدود ہے، حالانکہ ایران اپنے مفادات کے تحفظ اور علاقائی صورتحال کا مکمل ادراک رکھتا ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے فوجی و سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔



