فجیرہ کے قریب تجارتی جہاز پر نامعلوم حملہ، آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی پر نئے خدشات

فجیرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی اہم بندرگاہ فجیرہ کے قریب ایک تجارتی جہاز نامعلوم حملے کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے اسٹیئرنگ سسٹم کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

برطانوی بحری تجارتی آپریشنز مرکز  کے مطابق یہ واقعہ دبّا کے مشرق میں تقریباً 17 بحری میل کے فاصلے پر پیش آیا، جو فجیرہ بندرگاہ کے قریب واقع علاقہ ہے۔

جہاز کے عملے نے حکام کو بتایا کہ نامعلوم سمت سے آنے والا گولہ یا میزائل نما کوئی شے جہاز سے ٹکرائی، جس سے اس کے اسٹیئرنگ سسٹم کو نقصان پہنچا، تاہم عملے کے تمام افراد محفوظ رہے۔

واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ خلیج عمان اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو غیر معمولی احتیاط برتنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خلیج عمان، آبنائے ہرمز اور متحدہ عرب امارات کے ساحلی علاقوں میں بحری سلامتی کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

گزشتہ ہفتوں کے دوران بھی مختلف آئل ٹینکروں اور تجارتی جہازوں پر نامعلوم پروجیکٹائل، ڈرون یا میزائل حملوں کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں، جس کے باعث عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے خدشات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔

تاحال کسی ملک یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی حملے کی نوعیت اور اس کے ذمہ دار عناصر کے بارے میں حتمی مؤقف اختیار کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button