مردان میں گھر کی چھت گرنے سے 2 معصوم بچے جاں بحق، ماں اور بیٹی زخمی


پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں گھر کے ایک کمرے کی چھت گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹی شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ رستم کالو ڈھیری کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اچانک کمرے کی چھت منہدم ہو گئی اور اہل خانہ ملبے تلے دب گئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 سالہ محمد حسین اور ایک سالہ زنیرہ شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والی ماں اور بیٹی کو فوری طور پر ملبے سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ جاں بحق بچوں کی لاشیں بھی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔