امریکا، ایران کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل مہنگا، برینٹ 90 ڈالرز سے تجاوز کر گیا


لندن(ویب ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی کی ترسیل میں ممکنہ خلل کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تازہ کاروباری اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 2.75 ڈالر یا 3.12 فیصد اضافے کے بعد 90.85 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 2.56 ڈالر یا 3.10 فیصد مہنگا ہو کر 85.05 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرنے لگا۔
معاشی ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں خام تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) کی تقریباً 20 فیصد ترسیل آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے خطے میں جاری کشیدگی نے عالمی توانائی منڈیوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی برقرار رہی یا سمندری راستوں پر مزید خطرات پیدا ہوئے تو تیل کی سپلائی، بحری انشورنس اخراجات اور عالمی توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت اور درآمدی ممالک پر بھی مرتب ہوں گے۔